کراچی: قونصل جنرل یو ایس قونصلیٹ جوائن ویگنر نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو سپورٹ کروں گی۔
تفصیلات کے مطابق قونصل جنرل یو ایس قونصلیٹ جوائن ویگنر قومی کرکٹ ٹیم کی مداح نکلیں، جوائن ویگنر نے کہا کہ امید ہے پاکستان میگا ایونٹ جیتنے میں ضرور کامیاب ہوگا۔
قونصل جنرل یو ایس قونصلیٹ نے کہا کہ پاکستان میں اسپورٹس ڈپلومیسی کو فروغ دے رہے ہیں جس کے تحت اسٹریٹ کرکٹ ٹیموں کے درمیان میچز کا انعقاد کیا گیا، ان کھیلوں کا مقصد آپس میں میل جول بڑھانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نائٹ کرکٹ کا مزہ ہی الگ ہے، ان کھیلوں کا مقصد آپس میں میل جول بڑھانا ہے، کھیل تعلقات بڑھاتے اور سب کو آپس میں اکٹھا رکھتے ہیں، امید ہے ایونٹ سے آپس میں دوستیاں بھی بنی ہوں گی۔
مزید پڑھیں: ورلڈ کپ 2019: قومی ٹیم کی نئی کٹ کی رونمائی ہو گئی، ویڈیو جاری
جوائن ویگنر نے کہا کہ رمضان رحمتوں، برکتوں کا مہینہ ہے جو پیار، محبت، خلوص سکھاتا ہے۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ میں 10 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، ایونٹ کل 33 دن پر مشتمل ہوگا، 48 میچز کھیلے جائیں گے، اور ٹرافی کے لیے گھمسان کا رن پڑے گا، ایونٹ میں دنیائے کرکٹ کے بہترین اسٹارز ایکشن میں نظر آئیں گے۔
مبصرین نے آسٹریلیا، انگلینڈ، بھارت اور پاکستان کو ٹائٹل کے لیے فیورٹ قرار دیا ہے، 30 مئی کو انگلینڈ میں شروع ہو نے والی کرکٹ کی اس عالمی جنگ کا افتتاحی میچ میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان لندن میں ہوگا۔
قومی کرکٹ ٹیم اپنا پہلا میچ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی جبکہ 16 جون کو روایتی حریف بھارت سے ٹاکرا ہوگا۔