اسلام آباد: چینی نائب صدر وانگ کشن 26 سے 28 مئی تک پاکستان کا دورہ کریں گے، اپنے دورے کے دوران چینی نائب صدر وزیر اعظم عمران خان اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق چینی نائب صدر وانگ کشن 26 سے 28 مئی تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔ چینی نائب صدر چین کے سینٹرل فارن افیئرز کمیشن کے رکن بھی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق چینی نائب صدر کا دورہ پاکستان اور چین کے درمیان بہترین تعلقات کا مظہر ہے، اپنے دورے کے دوران چینی نائب صدر وزیر اعظم عمران خان اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
اس دوران متعدد معاہدوں اور باہمی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے، جبکہ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفت و شنید اور کئی منصوبوں کا افتتاح بھی کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد اب تک 2 بار چین کا دورہ کرچکے ہیں۔
گزشتہ ماہ اپریل میں کیے جانے والے ان کے دورے کے اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان 14 معاہدوں پر دستخط ہوئے اور وزیر اعظم نے چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کی قیادت نے پاک چین دوستی کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ علاقائی یابین الاقوامی تبدیلی پاک چین تعلقات پر اثر انداز نہیں ہوگی۔