رتوڈیرو: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اس مرض کا مقابلہ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو رتو ڈیرو میں نیوز کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، انھوں نے کہا کہ ملک میں ایچ آئی وی اور ایڈز سے متعلق اتنی آگاہی نہیں ہے، ہم نے ملک میں ایچ آئی وی اور ایڈز سے متعلق آگاہی دینی ہے، یہ بات پھیلانی ہے کہ ایچ آئی وی اور ایڈز میں بہت فرق ہے، اب اسے سزائے موت نہیں سمجھا جاتا، دنیا میں ایچ آئی وی اور ایڈز کا علاج موجود ہے۔
انھوں نے کہا کہ مرض کے خاتمے کے لیے ہم متعلقہ افراد سے رابطے میں ہیں، تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اس مرض کا مقابلہ کریں گے، سندھ حکومت ایچ آئی وی متاثرین کا علاج کرائے گی، اور ان کی زندگی بھر مدد کی جائے گی۔
[bs-quote quote=”جلد ہی دوسرے لوگوں کے ساتھ دوسرا افطار کریں گے، ایک افطار کیا ہے اور بھی کرتے رہیں گے۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”بلاول بھٹو”][/bs-quote]
بلاول بھٹو نے کہا کہ ایچ آئی وی سے متاثرہ بچے اور والدین کا نام اور پتا ظاہر کرنا غلط ہے، متاثرہ افراد کے نام پتے ظاہر کرنے کو بالکل برداشت نہیں کریں گے، متاثرہ افراد اتنے ہی پاکستانی ہیں جتنے میں اور آپ، بچے کی زندگی سیاست سے بالا تر ہونی چاہیے۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ ایچ آئی وی کے علاج کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ کو انڈومنٹ فنڈ بنانے کی ہدایت کر دی ہے، بیماری کی زد میں آنے والوں کے لیے علاج کی سہولت پہنچانی ہوگی تا کہ اس بیماری کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مذہبی جماعتیں ہوں یا سیاسی ہمیں مل کر ایچ آئی وی کا مقابلہ کرنا ہے، کسی نے جان بوجھ کر ایچ آئی وی کو نہیں پھیلایا، ہماری کوشش ہے کہ اسکریننگ کو اور مؤثر کیا جائے۔
انھوں نے کہا کہ ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں کو ناسور کہنے کے متنازع بیان پر وفاقی وزیر کو ہٹایا جائے، ایچ آئی وی کا مسئلہ صرف سندھ کا نہیں پورے پاکستان کا ہے، متاثرہ بچوں کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتے۔
دریں اثنا، بلاول بھٹو نے ایک صحافی کے سوال پر کہا کہ جلد ہی دوسرے لوگوں کے ساتھ دوسرا افطار کریں گے، ایک افطار کیا ہے اور بھی کرتے رہیں گے۔
تعلقہ اسپتال رتوڈیرو کا دورہ
قبل ازیں، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے لاڑکانہ میں تعلقہ اسپتال رتوڈیرو کا دورہ کر کے ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں سے ملاقات کی، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، عذرا پیچوہو، مرتضیٰ وہاب اور نثار کھوڑو بھی ان کے ہم راہ تھے۔
بلاول بھٹو کو تعلقہ اسپتال رتو ڈیرو کے ڈاکٹروں کی جانب سے بریفنگ دی گئی، انھیں بتایا گیا کہ 32 دن میں رتو ڈیرو تعلقہ اسپتال میں 22 ہزار سے زائد اسکریننگ کی گئی، بلاول بھٹو نے تعلقہ اسپتال کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کیا اور مزید کوششوں پر زور دیا۔
دریں اثنا بلاول بھٹو نے ایچ آئی وی اسکریننگ کیمپ میں مریضوں سے ملاقات کی، انھوں نے ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں کے نئے قائم وارڈ کا بھی دورہ کیا، متاثرہ بچوں سے ملاقات کرتے ہوئے انھوں نے بچوں کے والدین کو حوصلہ دیا۔