کراچی : متحدہ کے سابق رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا جنوبی سندھ یونٹ کے قیام سے متعلق جواب کو مسترد کرتے ہیں، انہیں کراچی کے عوام کی داد رسی کرنا ہوگی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی جانب سے عمائدین شہر اور سیاسی رہنماؤں کے اعزاز میں افطار ڈنر کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا، تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فاروق ستار کی جانب سے عمائدین شہر اور سیاسی رہنماؤں کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب میں فاروق ستار کے سیاسی حریف ڈاکٹر عامر لیاقت حسین، پی ٹی آئی کے عالمگیر خان، پیپلزپارٹی کے ناصر حسین شاہ، پی ایس پی کے ڈاکٹر صغیر اور وسیم آفتاب سمیت عمائدین شہر اور سیاسی و مذہبی شخصایت نے شرکت کی۔
افطار ڈنر سے خطاب میں ڈاکٹر فاروق ستار نے سندھ میں نئے صوبے کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ کراچی کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنا کر کراچی کو قومی ترجیحات میں شامل اور اس کی داد رسی کرنا ہوگی۔
فاروق ستار نے کہا کہ کراچی میں پانی پر فسادات ہو سکتے ہیں، حکومت پانی کے منصوبے کے فور کے فیز ون اور فیز ٹو دونوں کو ایک ساتھ مکمل کرے۔
یاد رہے کہ فاروق ستار کے افطار ڈنر میں ڈاکٹر خالد مقبول، آفاق احمد اور مصطفی کمال نے شرکت تو نہ کی لیکن فاروق ستار نے اس موقع پر ملک کے مسائل کے حل کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک جگہ یکجا کرکے قومی ایجنڈہ طے کرنے کا مطالبہ ضرور کیا۔