اتوار, نومبر 17, 2024
اشتہار

لاڑکانہ میں ایچ آئی وی خوفناک صورت حال اختیار کرگیا

اشتہار

حیرت انگیز

لاڑکانہ : ایچ آئی وی خوفناک صورت حال اختیارکرگیا، 681 افراد میں تصدیق ہوگئی ہے ، جن میں 558 بچے بھی شامل ہیں، رتو ڈیرو میں 23ہزار افراد کے ایچ آئی وی ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ کے تعلقہ رتوڈیرو میں ایچ آئی وی خوفناک صورت اختیارکررہا ہے، اس تعلقہ میں اب تک 23ہزار افراد کے ایچ آئی وی ٹیسٹ کیے گئے ان میں 681افراد میں ایچ آئی وی پازٹیوکی تصدیق کی گئی ہے، جن میں 558بچے بھی شامل ہیں جب کہ70خواتین سمیت 123 معمر افراد ہیں۔

سندھ ایڈزکنٹرول پروگرام کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق اب تک کی جانے والی اسکریننگ میں 558 بچوں میں ایچ آئی وی کی تصدیق ہوئی ہے، اس کا مطلب ہے کہ اب تک کی جانے والی اسکریننگ میں 80 فیصد بچے اس وائرس کا شکار ہوگئے۔

- Advertisement -

ان میں سے55 فیصد بچے ایسے ہیں جن کی عمریں ایک سے 5سال کے درمیان ہیں، ان میں سے18فیصد بچے ایسے ہیں جن کی عمریں ایک سال سے بھی کم ہیں، خواتین میںاس وائرس کی شرح 60فیصد رپورٹ ہوئی ہے۔

دنیا کا پہلا واقعہ ہے کہ لاڑکانہ کے شہر رتوڈیرو میں بچوں میں ایچ آئی وی کا سب سے بڑا آﺅٹ بریک سامنے آرہا ہے جبکہ ابھی لاڑکانہ کے مزید تین تعلقے باقی ہیں جہاں اسکریننگ کا عمل شروع نہیں کیا گیا۔ عالمی ادارے پریشان ہیں، محکمہ صحت تذبذب کا شکار ہے لیکن حکومت سندھ نے اس وبائی صورتحال سے نکلنے اور قابوپانے کے لیے تاحال کوئی حکمت عملی وضح نہیں کی جس کی وجہ سے سندھ ایڈزکنٹرول پروگرام سمیت دیگر حکام بھی گومگو کی کیفیت کا شکار ہیں۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے محکمہ صحت ہنگامی بنیادوں پر متاثرہ علاقے میں پبلک ہیلتھ کے ذریعے آگاہی فراہم کرے لیکن محکمہ صحت کا پبلک ہیلتھ کا شعبہ کچھ عر صے سے عملا غیر فعال ہے جبکہ سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام میں بھی ایسے افسر کو پروگرام کا سربراہ مقرر کیاگیا جن کا تعلق پبلک ہیلتھ سے نہیں رہا۔

قومی ادارہ صحت برائے اطفال (این آئی سی ایچ) کے سربراہ و ماہرین صحت نے بتایا کہ رتوڈیرو کی آبادی3لاکھ31ہزار ہے، ابھی تک 7فیصد آبادی کے ایچ آئی وی ٹیسٹ کیے گئے ہیں، ان میں سے681 افراد میں ایچ آئی وی پازٹیو کی تصدیق کی گئی جو ایک ہولناک صورت ہے۔

انھوں نے بتایا کہ اندرون سندھ میں بخار ہونے کی صورت میں بلا جواز انجکشن لگوانے کا رواج ہے اور وہاں ایک ہی سرنج سے مریضوں کو انجکشن لگانے کا رواج عام ہے، ایچ آئی وی وائرس استعمال شدہ سرنجوں ، سرنجوں سے نشہ کرنے والوں سے ایک سے دوسروں میں منتقل ہوتا ہے، یہی وجہ ہے رتوڈیرو میں اتنی بڑی تعداد میں بچوں کو اس وائرس نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

قومی ادارہ صحت برائے اطفال (این آئی سی ایچ) کے سربراہ نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ یہ صورت حال سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی ہوگی کیونکہ اندرون سندھ میں غیر ضروری انجکشن لگوانے کا رواج اور رجحان پایا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 37 سالہ تاریخ میں افریقا ، انڈیا ،تھائی لینڈ سمیت دیگر ممالک میں بچوں میں ایچ آئی وی کااتنا بڑا آﺅٹ بریک نہیں ہوا، جو رتوڈیرو میں سامنے آرہا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں