کراچی: شہرقائد میں رات گئے فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ پولیس مقابلے میں تین ملزمان دھر لیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق رات گئے کراچی کے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائم سے دو افراد جان بحق ہوئے، جبکہ پولیس مقابلہ کے بعد تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
کراچی کے علاقے پاک کالونی ریکسرلین میں فائرنگ سے دو افراد جان کی بازی ہار گئے، ایس ایس پی ویسٹ شوکت کٹھیان کہتے جاں بحق افراد کی شناخت علی اصغر اور سعد حسین کے ناموں سے ہوئی ہے۔
مقتولین لیاری اور صدر کے رہائشی تھے جس جگہ واقعہ ہوا وہاں ماضی میں منشیات فروشوں کے اڈے ہوا کرتے تھے دونوں وہاں کیوں آئے معلوم نہیں ہوسکا پولیس کی تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب راشد منہاس روڈ پر پولیس مقابلے کے بعد ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، گرفتار زخمی ملزم سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
زخمی ملزم کو اسپتال منتقل کردیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، دریں اثنا دو ملزمان مومن اسکوائر کے قریب شہریوں سےلوٹ مار کررہے تھے کہ پولیس نے گرفتار کرلیا۔
کراچی پولیس کی بڑی کارروائی: داعش کے 5 دہشت گرد گرفتار
خیال رہے کہ عید آتے ہی شہر قائد میں ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ ہوچکا ہے، گذشتہ دنوں ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک دکان دار جاں بحق ہوگیا تھا۔