جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

شاہ محمود کی سعودی وزیر خارجہ سے ملاقات، او آئی سی سربراہ اجلاس کی میزبانی پر مبارک باد

اشتہار

حیرت انگیز

مکہ: او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سعودی وزیر خارجہ ڈاکٹر ابراہیم بن عبدالعزیز العساف سے خصوصی ملاقات ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق شاہ محمود کی سعودی وزیر خارجہ سے ملاقات ہوئی ہے، شاہ محمود نے او آئی سی سربراہ اجلاس کی میزبانی پر سعودی وزیر خارجہ کو مبارک باد پیش کی۔

ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورت حال اور باہمی دل چسپی کے امور پر گفتگو کی گئی، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پرتپاک خیر مقدم پر سعودی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔

سعودی وزیر مملکت برائے امور خارجہ نے او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت پر شاہ محمود کا بھی شکریہ ادا کیا اور پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل کے جلد حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا کہ پاکستان کا امن مقدس سرزمین کے امن و استحکام سے منسلک ہے، حرمین شریفین کی سلامتی کو خطرہ درپیش ہوا تو پاکستان ساتھ کھڑا ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد کے دورے نے دلوں میں گہرے ان مٹ نقوش چھوڑے، ان کے پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے اعلان نے دل جیت لیے۔ شاہ محمود نے گزارش کی کہ قیدیوں کی جلد رہائی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

شاہ محمود قریشی نے پلوامہ واقعے کے دوران سعودی عرب کے مخلصانہ کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ او آئی سی میں ہندوستان کی شمولیت کسی بھی حیثیت میں قابل قبول نہیں۔

وزیر خارجہ نے پاکستانیوں کے لیے حج کوٹے کو دو لاکھ تک بڑھانے پر بھی سعودی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں