جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

کراچی ایئرپورٹ : کسٹمزعملے نے اوورسیز پاکستانیوں کو تنگ کرنا شروع کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی :کسٹمز کا عملہ اوورسیز پاکستانیوں کو چیکنگ کے نام پر پریشان کررہا ہے، مسافروں سے کسٹمز ڈیوٹی وصول کرنے کے بجائے ان کا سامان ضبط کیا جارہا ہے، کراچی ایئر پورٹ پر مسافر سراپا احتجاج بن گئے۔

تفصیلات کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کو وطن واپسی پر ایئرپورٹ پر شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، عید کے موقع پر بیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں کو کسٹمز کے عملے نے تنگ کرنا شروع کردیا۔

کراچی ایئرپورٹ کے انٹر نیشنل آرائیول لاؤنج پر کسٹمز کے عملے نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو لمبی قطاریں لگا کر ان کا سامان چیک کرنا شروع کردیا۔

سعودی عرب، دبئی اور مسقط سے آنے والے مسافروں سے کسٹمز کا عملہ سب سے زیادہ تنگ کررہا ہے، ایئرپورٹ پر کسٹمز کے عملے اور مسافروں کے درمیان تلخ کلامی کے واقعات بھی پیش آئے ہیں۔

کسٹمز کے عملے نے چیکنگ کے نام پر بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے سامان سے بچوں کی چاکلیٹ اور ضروری اشیاء نکالنا شروع کردیں، اس کے علاوہ مسافروں سے کسٹمز ڈیوٹی وصول کرنے کے بجائے ان کا سامان ضبط کیا جارہا ہے، جس پر مسافروں نے احتجاج کیا۔

ایک مسافر کا کہنا تھا کہ اگر ہمارے سامان پر ٹیکس بنتا ہے تو ہم سے وصول کیا جائے، کسٹمز کا عملہ مسافروں کے ہینڈ بیگ میں لانے والی سبزیوں کو بھی ضبط کر رہا ہے۔

مسافر کا مزید کہنا تھا کہ ہم اپنے اہل خانہ کے ساتھ عید منانے پاکستان آئے ہیں لیکن ایئرپورٹ پر کسٹمز کا عملہ تنگ کررہا ہے۔

اہم ترین

محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں

مزید خبریں