نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ چند ممالک کی طاقت کے حصول کی خواہش اتفاق رائے کی راہ میں رکاوٹ ہے۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر ملیحہ لودھی نے سلامتی کونسل اصلاحات پر عالمی مذاکراتی عمل میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ ماضی سے سبق سیکھے بغیراصلاحات کاعمل مطلوبہ نتائج نہیں دے گا۔
ملیحہ لودھی نے کہا کہ ممالک کومذاکراتی عمل کوکامیاب بنانے کے لیے لچک کا مظاہرہ کرنا ہوگا، چند ممالک کی طاقت کے حصول کی خواہش اتفاق رائے کی راہ میں رکاوٹ ہے۔
پاکستانی سفیر نے مزید کہا کہ اصولوں پرمبنی اصلاحات ہی شفاف، فعال سلامتی کونسل کی ضمانت ہیں۔
اتفاق رائے کے بغیرسلامتی کونسل اصلاحات کامیاب نہیں ہوسکتی، ملیحہ لودھی
اس سے قبل رواں ماہ 4 مئی کو اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل میں اصلاحات کے لیے مرحلہ وار طریقہ کار زیادہ موزوں ہے۔
ملیحہ لودھی نے کہا کہ اصلاحات کا مقصد سلامتی کونسل کو مزید جمہوری اورموثر بنانا ہونا چاہیے، اتفاق رائے کے بغیر سلامتی کونسل اصلاحات کامیاب نہیں ہوسکتی۔
پاکستانی سفیرکا کہنا تھا کہ چند ممالک کی خواہش مذاکراتی عمل کامیاب نہیں ہونے دے رہی، مزید مستقل اراکین سلامتی کونسل کوغیرفعال نہیں بنا دیں گے۔