اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کارکنان کو قبائلی علاقوں کی انتخابی مہم بھرپور طریقے سے چلانے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے پی کے صدر نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی جس میں فرحت اللہ بابر، پرویز اشرف، ہمایوں خان، فیصل کریم کنڈی ودیگر موجود تھے۔
ملاقات میں کے پی کے قبائلی علاقوں میں انتخابات اور انضمام کے بعد کی صورت حال پر گفتگو کی گئی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے، نوجوان زیادہ سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لیں۔
اس سے قبل بلاول بھٹو سے پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم احمد محمود نے ملاقات کی، جس میں مرتضیٰ محمود، مصطفی محمود اور ممبر فیڈرل کونسل عبدالقادر شاہین شریک تھے۔
ملاقات میں جنوبی پنجاب صوبے، سینیٹ میں بل کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبے سے متعلق پیپلزپارٹی کا بل موجود ہے، صوبے سے متعلق ملٹی پارٹی پارلیمانی کمیشن کی سفارشات موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں وہ بل پیش کیا جو 2013 میں اکثریت سے منظور کیا گیا، حکومت 100 دن میں جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کا وعدہ پورا نہ کرسکی۔
بلاول بھٹو نے رہنماؤں کو جنوبی پنجاب صوبے کے لیے سیاسی جماعتوں سے رابطوں کی ہدایت کردی۔