اسلام آباد : معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن قومی اداروں کیخلاف سنگین جرائم کے مرتکب ملزمان کی ترجمانی نہ کرے۔
یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اپنے لئے بولنے کاحق تو چاہتی ہے لیکن حکومتی ارکان کیلئے نہیں، جمہوریت کارونا رونے والے صرف سنانا چاہتے ہیں، ان لوگوں میں سُننے کا حوصلہ نہیں۔
فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس نہ ہو تو اپوزیشن شور مچاتی ہے، اگر ہو تو اس میں لڑائی کے سوا ان کا کوئی ایجنڈا نہیں ہوتا، اپوزیشن اراکین قومی اداروں کیخلاف سنگین جرائم کے مرتکب ملزمان کی ترجمان نہ کریں۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ اپوزیشن ایوان میں اپنا حقیقی پارلیمانی کردار ادا کرے، پارلیمان کشتی کا اکھاڑہ نہیں بلکہ معزز ایوان ہے، ٹیکس کے پیسوں سے اجلاس کو خاندانی کرپشن کے دفاع کیلئے ڈھال نہ بنایا جائے، اپوزیشن احتجاج کا پُرانا وطیرہ چھوڑ کر عوامی مسائل کے حل میں کردار ادا کرے۔
فردوس عاشق کا مزید کہنا تھا کہ جس معاملے کا فیصلہ عدلیہ نےخود کرنا ہے وہ عدلیہ پرحملہ کیسے تصور ہوسکتا ہے؟ آئینی معاملے کوسیاست کی نذر کرنا بدقسمتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں احتساب سے کوئی بالاتر نہیں، وزیر اعظم نےعدلیہ کی آزادی کیلئےجدوجہدکی، جس کیلئے وہ پابندسلاسل بھی رہے، عمران خان عدلیہ کی آزادی، آئین وقانون کی حکمرانی اور اداروں کے احترام پر یقین رکھتے ہیں۔