اشتہار

شدید گرمی: رحیم یار خان، دادو میں درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: ملک کے مختلف شہروں میں شدید گرمی نے شہریوں کو لپیٹ میں لے لیا ہے، رحیم یار خان اور سندھ کے شہر دادو میں پارہ 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، دوسری طرف پنجاب میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق شدید گرمی نے ملک کے مختلف شہروں کو لپیٹ میں لے لیا ہے، رحیم یار خان اور دادو میں پارہ 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، بہاول نگر میں 47، بہاول پور میں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ ہو گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بنوں میں موجودہ درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ڈی جی خان 47، ڈی آئی خان میں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ، فیصل آباد 45، گوجرانوالہ میں 43 ڈگری، اسلام آباد میں پارہ 40، جہلم میں موجودہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔

- Advertisement -

صادق آباد میں بھی شدید گرمی پڑنے لگی ہے، سورج آگ برسانے لگا ہے، صادق آباد میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، دھوپ کی شدت کی وجہ سے سڑکوں پر آمد و رفت کم ہو گئی۔

نواب شاہ، لاڑکانہ، خانیوال، خان پور میں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ، جب کہ ملتان پارہ 45 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھونے لگا ہے۔

دریں اثنا، گرمی کی بڑھتی شدت کے باعث محکمہ صحت پنجاب نے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے، ڈی جی ہیلتھ نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ گرمی سے بچے اور بزرگ افراد ہیٹ اسٹروک کا شکار ہو سکتے ہیں، سردرد، چکر، بلڈ پریشر اور غنودگی ہیٹ اسٹروک کی علامات ہو سکتی ہیں۔

ڈی جی ہیلتھ نے ہدایت کی ہے کہ دھوپ کے اوقات میں غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کیا جائے، دھوپ میں نکلنا ضروری ہو تو سر کپڑے سے ڈھانپ کر رکھیں، اور سکنجبین کا استعمال زیادہ کریں، یہ جسم میں نمکیات اور پانی کی کمی پوری کرتا ہے۔

خیال رہے کہ ملک کے بیش تر علاقوں میں آج بھی شدید گرمی کی لہر برقرار ہے جب کہ محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی موسم گرم اور خشک رہے گا۔

ادھر خیبر پختون خوا اور سندھ کے بھی کئی شہر شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، محکمہ موسمیات نے کل سے کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب بڑھنے کی پیش گوئی کی ہے جس سے گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں