ساہیوال: پنجاب کے ضلعے ساہیوال کی بڑی سیاسی شخصیات ایف بی آر کی نادہندہ نکلی ہیں، ایف بی آر نے محکمہ مال کو نادہندگان کی فہرست ارسال کر دی۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ضلع ساہیوال کی نادہندہ نمایاں سیاسی شخصیات کی فہرست تیار کر کے محکمۂ مال کو بھجوا دی ہے۔
سیاسی شخصیات میں 18-2012 تک کے زرعی انکم ٹیکس نادہندگان کے نام شامل ہیں، سیاست دانوں کا تعلق پاکستان تحریک انصاف ار پاکستان مسلم لیگ ن سے ہے۔
ایف بی آر کی فہرست کے مطابق پی ٹی آئی کے چوہدری نوریز 20 لاکھ 12 ہزار روپے، پی ٹی آئی کے رائے حسن نواز 15 لاکھ 29 ہزار 825 روپے اور پی ٹی آئی کے مظفر شاہ 11 لاکھ 85 ہزار روپے کے ٹیکس نادہندہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایف بی آر کے چیئرمین شبر زیدی کا وزیر اعظم عمران خان کو خط
ن لیگی ایم این اے چوہدری اشرف 13 لاکھ 56 ہزار روپے کے ٹیکس نادہندہ ہیں جب کہ سابق ن لیگی ایم این اے چوہدری زاہد بھی 5 لاکھ 75 ہزار 500 روپے کے نادہندہ نکلے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے ریکوری بذریعہ گرفتاری اور قرقی کے آرڈر جاری کر دیے، حکام کا کہنا ہے کہ متعدد یاد دہانیوں کے با وجود زرعی انکم ٹیکس ادا نہیں کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر ساہیوال کا کہنا ہے کہ نادہندگان کو 40 دن تک حوالات میں رکھا جا سکتا ہے۔
خیال رہے کہ چند دن قبل ایف بی آر کے چیئرمین شبر زیدی نے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھا جس میں انھوں نے موجودہ ٹیکس نظام کو معیشت کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔