اسلام آباد: پی ٹی آئی کی تشکیل نو کے بعد پارٹی کی کور کمیٹی کا پہلا اجلاس آج چئیرمین عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ میں منعقد ہوا جس میں چیئرمین کو تنظیم سازی پر بریفنگ دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق تشکیل نو کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے پہلے اجلاس میں پارٹی چیئرمین عمران خان کو ملک بھر میں پی ٹی آئی کے تحلیل کیے گئے عہدوں اور تنظیم سازی پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، نعیم الحق، فواد چوہدری، مراد سعید، عثمان بزدار، عمران اسماعیل، شبلی فراز، شیریں مزاری، اور بابر اعوان نے شرکت کی۔
سیکریٹری جنرل ارشد داد اور چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی بھی خصوصی طور پر اجلاس میں شریک ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف کی تمام تنظیمیں اور شعبہ جات تحلیل
کور کمیٹی کے اجلاس میں پی ٹی آئی کی ملک گیر تنظیم نو کے حوالے سے اہم امور پر مفصل بات چیت کی گئی، اجلاس میں ملکی مجموعی سیاسی صورت حال پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
یاد رہے کہ دو دن قبل ملک بھر میں ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے پاکستان تحریک انصاف کی تمام تنظیمیں تحلیل کر دی گئی تھیں، نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ اس حکم نامے کا اطلاق سیکریٹری جنرل، سیکریٹری اطلاعات، سیکریٹری مالیات اور او آئی سی کے سیکریٹری پر نہیں ہوگا۔