ڈربن: جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے ورلڈ کپ کے لیے ریٹائرمنٹ واپس لینے کی پیش کش کردی۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے گزشتہ ماہ ورلڈ کپ کے لیے حتمی اسکواڈ کے اعلان سے پہلے بورڈ سے کہا تھا کہ وہ میگا ایونٹ کے لیے دستیاب ہیں تاہم جنوبی افریقہ کی ٹیم مینجمنٹ نے سابق کپتان کی پیش کش مسترد کردی تھی۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم مینجمنٹ کا کہنا تھا کہ یہ ممکن نہیں ہے، ڈی ویلیئرز مئی 2018 کو کرکٹ سے ریٹائر ہوچکے ہیں۔
ٹیم سلیکٹر لنڈا زونڈی نے کہا کہ عالمی کپ سے قبل اے بی ڈی ویلیئرز کی جانب سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اعلان کپتان فاف ڈوپلیسی، ٹیم کوچ اور تمام انتظامیہ کے لیے ایک دھچکا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈی ویلیئرز کے ریٹائرمنٹ کے فیصلے نے ٹیم میں ایک خلا کو جنم دیا تھا جسے پُر کرنا بہت مشکل تھا، ہم نے صرف ایک سال میں ایسے کھلاڑی تلاش کرنا تھے جو ڈی ویلیئرز کی کمی محسوس نہ ہونے دیں۔
مزید پڑھیں: اے بی ڈی ولیئرز نے عالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا
جنوبی افریقہ کے ٹیم سلیکٹر نے کہا کہ جن کھلاڑیوں نے ورلڈ کپ کے لیے بے انتہا محنت کی ہے وہ عالمی کپ کی ٹیم میں شمولیت کے حق دار ہیں۔
لنڈا زونڈی کا کہنا تھا کہ ہمیں ٹیم، سلیکشن پینل اور کھلاڑیوں کے ساتھ منصفانہ رویہ قائم رکھنا تھا جس کی بنیاد پر بورڈ کی جانب سے اصولوں پر مبنی فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ 2019 میں جنوبی افریقہ کی ٹیم شکست کی ہیٹ ٹرک کرچکی ہے، پروٹیز کو بنگلہ دیش، انگلینڈ اور بھارت سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔