دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارتی کرکٹ بورڈ سے مہندر سنگھ دھونی کے گلوز سے بھارتی فوج کا نشان ہٹانے کا مطالبہ کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ورلڈ کپ 2019 کے اپنے پہلے میچ میں بھارت کے وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی کے گلوز پر بھارتی فوج کا نشان دیکھا گیا تھا جسے آئی سی سی نے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔
آئی سی سی کے جنرل منیجر برائے اسٹریٹیجک کمیونی کیشنز نے بتایا کہ بی سی سی آئی سے درخواست کی گئی ہے کہ دھونی کے گلوز سے اس نشان کو ہٹایا جائے۔
جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں جب دھونی نے فلک وائیو کو اسٹمپڈ آؤٹ کیا تو ان کے دستانوں پر ‘بلدان‘ کا نشان واضح طور پر دیکھا گیا تھا، بھارت کی خصوصی فوج کا نشان صرف پیرا ملٹری کمانڈوز کو پہننے کی اجازت ہے۔
مزید پڑھیں: بھارتی فوج کا کیپ پہننا ویرات کوہلی کو مہنگا پڑ گیا
واضح رہے کہ مہندر سنگھ دھونی کو 2011 میں پیراشوٹ رجمنٹ میں لیفٹیننٹ کرنل کا اعزازی عہدہ دیا گیا تھا، دھونی نے 2015 میں پیرا بریگیڈ ٹریننگ بھی حاصل کررکھی ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال مارچ میں بھارتی کرکٹ ٹیم نے اپنے ہوم گراؤنڈ میں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے میچ میں فوجی کیپ پہن کر آئی تھی اور اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
آسٹریلیا کے خلاف میچ سے قبل مہندر سنگھ دھونی نے ہی بھارتی ٹیم میں فوجی ٹوپیاں تقسیم کی تھیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ اور حکومتی سطح پر بھارتی ٹیم کے اس اقدام پر آئی سی سی سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا تھا، تاہم آئی سی سی کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم کو فوجی کیپ پہننے کی اجازت دی گئی تھی۔