کراچی : شہر میں پانی کی قلت اور دیگر مسائل کے حل کیلئے کراچی میں تحریک انصاف نے سندھ حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کر دی، مسائل حل نہ ہونے پر وزیراعلٰی ہاؤس کے سامنے دھرنے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق شہر کراچی میں پانی کے بحران اور شہری مسائل حل نہ ہونے پر تحریک انصاف سڑکوں پر آگئی، تحریک انصاف کراچی کے زیر اہتمام احتجاجی تحریک کے پہلے روز پاور ہاؤس سے ناگن چورنگی تک ریلی نکالی اور دھرنا دیا گیا۔
ریلی کی قیادت پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی آفتاب جہانگیر کررہے تھے، مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ پانی دو اور شہر کے مسائل حل کرو، شرکاء نے مسائل حل نہ ہونے پر وزیراعلٰی ہاؤس کے سامنے دھرنے کا اعلان کر دیا۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی آفتاب جہانگیر نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اربوں روپے کی کرپشن کی اور کراچی سمیت سندھ بھی مسائل کا شکار ہے۔
شہری پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ ریلی کے شرکاء کا کہنا تھا کہ اگر ان کے مسائل فوری طور حل نہ کیے گئے تو وزیراعلی ہاؤس پر بھی دھرناہوگا۔