بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

اپوزیشن اپنے کرتوتوں کی وجہ سے سلاخوں کے پیچھے ہے، فردوس عاشق اعوان

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن اپنے کرتوتوں کی وجہ سے جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہے، جعلی اکاؤنٹ کی وجہ سے آصف زرداری گرفتار ہوئے۔

یہ بات انہوں نے اپنے بیان میں کہی۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جعلی بینک اکاؤنٹس کیس، منی لانڈرنگ اور وائٹ کالر کرائم کی کلاسیکل مثال ہے۔

انہوں نے گرفتاری کی تفصیل بیان کرتے ہوئے کہا کہ کیس میں تحقیقات ایف آئی اے نے دسمبر2015میں منی چینجر سےشروع کیں، جون2018تک کیس میں متعدد ہائی پروفائل لوگ سامنے آئے تھے۔

اس وقت کے چیف جسٹس ثاقب نثار نے تحقیقات میں سست روی پر ازخود نوٹس لیا، اس کیس میں آصف زرداری کے کئی قریبی ساتھی گرفتار ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ بعد ازاں چیف جسٹس نے اس کیس پر جے آئی ٹی بنانے کا حکم دیا، اس جےآئی ٹی نے767افراد سے پوچھ گچھ کی اور11500اکاؤنٹس،924اکاؤنٹ ہولڈرز کی نشاندہی کی، بلاول بھٹو نے بھی اپنا بیان تحریری طور پر دیا۔

اپوزیشن اپنے کرتوتوں کی وجہ سے جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہے، انہوں نے اپنی نسلوں کیلئے ملک لوٹا اور معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، اگر یہ لوگ خود کو بےقصور سمجھتے ہیں تو انہیں کسی قسم کی پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔

فالودے والے، ریڑھی والے اور مرے ہوئے لوگوں کے اکاؤنٹس سے پیسے نکلے، جعلی اکاؤنٹ کی وجہ سے ہی آصف زرداری کو گرفتار کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ اگر فیصلہ خلاف آئے تو اس میں سازش تلاش کی جاتی ہے،اگر حق میں آجائے تو کہا جاتا ہے کہ انصاف کی جیت ہوئی ہے، ان کی مثال’’میٹھا میٹھا ہپ ہپ، کڑوا کڑوا تھوتھو‘‘کی ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ پوری اپوزیشن کا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ کوئی ان سے سوال نہ پوچھے، اپوزیشن قانون نہیں، اپنی خاندانی آمریت کی حکمرانی چاہتی ہے، یہ ملک میں آزاد ادارے قائم ہوتے نہیں دیکھنا چاہتے، یہ چاہتے ہیں کہ ہر ادارہ ان کی مرضی کے مطابق کام کرے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں