کوئٹہ : بلوچستان اسمبلی کی اپوزیشن کی ریکوزیشن پر اسپیکر نے بارہ جون کو بلوچستان اسمبلی کا اجلاس طلب کرلیا، اپوزیشن نے پانچ نکاتی ایجنڈے پر بحث کیلئے اجلاس بلایا ہے ۔
سیکرٹری اسمبلی شمس الدین نے بتایا کہ اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو نے اپوزیشن کی ریکوزیشن پر بارہ جون کی سہ پہر چار بجے اسمبلی کا اجلاس طلب کیا ہے جس کیلئے اپوزیشن نے پانچ نکاتی ایجنڈا دیا ہے ۔
جس میں رواں سال کی پی ایس ڈی پی پر عمل درآمد نہ ہونا ،اس سلسلے میں اراکین اسمبلی کو اعتماد میں نہ لینا ،آئندہ این ایف سی ایوارڈ ،سیاسی کارکنوں کو ہراساں کیا جانا اور بی ڈی اے کے کنڑیکٹ ملازمین کو مستقل نہ کیا جانا شامل ہے ۔،
سیکرٹری اسمبلی نے بتایا کہ ریکوزیشن کیا گیا اجلاس ایک دن کیلئے ہوتا ہے مگر بحث مکمل نہ ہونے پر اسپیکر اپنی مرضی سے اس میں توسیع کرسکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بعض حلقوں کی جانب سے یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ اس اجلاس میں وزیر اعلی کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ قواعد وضوابط کے تحت وزیر اعلی کے خلاف عدم اعتماد کیلئے 13 اراکین اسمبلی ایک نکاتی ایجنڈے پر تحریک پیش کرتے ہیں جس کی منظوری کے بعد عدم اعتماد پر ووٹنگ کیلئے دن مقرر کیا جاتا ہے جس کیلئے 33اراکین کی حمایت حاصل ہونا ضروری ہے۔