کراچی: پاکستان کے سابق انٹرنیشنل ٹیسٹ امپائر ریاض الدین حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال کرگئے۔
تفصیلات کے مطابق 60 سالہ سابق امپائر ریاض الدین کو سوتے ہوئے ہارٹ اٹیک ہوا جو جان لیوا ثابت ہوا، انہیں طبیعت بگڑنے پر نجی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔
ریاض الدین آئی سی سی ایلیٹ پینل میں بھی امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں، کراچی میں لوکل میچوں میں امپائروں کا تقرر ہو یا کراچی کرکٹ کی سیاست، ریاض الدین کا کردار اہم تھا۔
ریاض الدین نے 1990 سے 2002 تک 12 انٹرنیشنل ٹیسٹ میچز میں امپائرنگ کی، وہ 12 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں بھی امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔
سابق ٹیسٹ امپائر کے انتقال پر کراچی میں کرکٹ حلقوں نے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، سابق کرکٹر باسط علی نے ریاض الدین کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔