اسلام آباد: آسٹریلیا کی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن نے کہا ہے کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان پر غور کیا جا رہا ہے، تاہم پاکستان آنے کا فیصلہ آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان میں 4 سال سفارتی خدمات کے بعد وطن واپس جا رہی ہیں، پاکستان کے لوگوں کی مہمان نوازی کی شکر گزار ہوں۔
مارگریٹ ایڈمسن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیکورٹی کی صورتِ حال بہتر ہو رہی ہے، امن و امان میں بہتری کے لیے سب پُر امید ہیں۔
آسٹریلوی ہائی کمشنر نے کہا ہم پاکستان سے ٹیکسٹائل مصنوعات منگواتے ہیں، جب کہ 13 ہزار پاکستانی طلبہ آسٹریلیا میں زیر تعلیم ہیں، تاہم پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آسٹریلیا میں کار سوار جنونی شخص کی مسجد میں گھسنے کی کوشش ناکام، نمازیوں کو مغلظات بکیں
مارگریٹ ایڈمسن نے مزید کہا کہ ہم زرعی شعبے میں اپنی مہارت پاکستان منتقل کر رہے ہیں، جب کہ آسٹریلیا ڈیری، لائیو اسٹاک میں پاکستان کا تعاون چاہتا ہے۔
قبل ازیں، کراچی میں آسٹریلوی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن کے اعزاز میں پاکستان آسٹریلیا بزنس فورم کے تحت الوداعی تقریب منعقد کی گئی۔