اسلام آباد: وفاقی وزیرِ توانائی عمر ایوب نے کہا ہے کہ ایس ایس جی سی کے الیکٹرک کو ضرورت سے زائد گیس فراہم کر رہی ہے، کے الیکٹرک کا کم گیس پریشر کا دعویٰ غلط ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں شدید گرمی کے دوران غیر اعلانیہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کرنے پر کے ای نے گیس کے کم پریشر کا بہانہ بنایا تھا، جس پر ایس ایس جی سی نے تردیدی بیان جاری کر دیا تھا۔
آج وفاقی وزیر توانائی نے بھی اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے کے الیکٹرک کو ضرورت سے زیادہ گیس فراہم کی جا رہی ہے۔
عمر ایوب نے کہا کہ کے الیکٹرک کو ایس ایس جی سی کی جانب سے 210 مکعب فٹ گیس فراہم کی جا رہی ہے، کے الیکٹرک کا کم گیس پریشر کا دعویٰ غلط ور ریکارڈ کے منافی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: شدید گرمی میں 8 سے 15 گھنٹے لوڈ شیڈنگ، کے الیکٹرک کی بے رحمی، شہریوں کا احتجاج
وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی کے لیے اضافی 150 میگا واٹ بجلی کی فراہمی کی منظوری دے دی ہے، لیکن کے الیکٹر ک میں مطلوبہ نظام نہ ہونے سے اضافی بجلی کی ترسیل ممکن نہیں، کے الیکٹرک ایک نجی کمپنی ہے جسے ترسیلی نظام اپ گریڈ کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کے الیکٹرک کے ترجمان نے کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر جاری بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ ایس ایس جی سی کی جانب سے گیس پریشر میں کمی سے کچھ پلانٹس کی پیداوار متاثر ہوئی ہے، جس کی وجہ سے کچھ جگہوں پر جزوی طور پر لوڈ مینجمنٹ ہو رہی ہے۔
جس پر ایس ایس جی سی ترجمان نے کہا کہ کے الیکٹرک کی 190 ایم ایم سی ایف ڈی ڈیمانڈ ہے، جب کہ انھیں طلب سے زیادہ گیس دی جا رہی ہے۔