کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ بانی ایم کیو ایم کی سیاست میں واپسی کا امکان اب نہیں ہے، آئین میں صوبوں کی گنجایش ہے۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی کے میئر وسیم اختر نے کہا ہے کہ آئین میں صوبوں کی گنجایش ہے، کراچی ایڈمنسٹریٹو یونٹ بن سکتا ہے۔
وسیم اختر کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال پارٹی کے لیے غدار سے بھی بڑھ کر ہیں، فاروق ستار واپس آنا بھی چاہیں تو ایم کیو ایم میں نہیں آ سکتے۔
میئر کراچی نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی سے پی ٹی آئی کے اتحادی بن کر رہنا زیادہ بہتر ہے، عمران خان نے اسپتال بنایا ہے وہ کرپٹ نہیں ہیں، ہماری دعا ہے اللہ عمران خان کی مدد کرے۔
یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف کی سربراہی میں وفد کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات، اے پی سی پر مشاورت
خیال رہے کہ آج حکومت کے خلاف وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اپوزیشن کی سرگرمیاں عروج پر نظر آئیں۔
پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شہباز شریف نے ایک وفد کے ساتھ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی، جس میں آل پارٹیز کانفرنس کے سلسلے میں مشاورت کی گئی۔
اپوزیشن نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ حکومت کو غریب دشمن بجٹ پاس کرنے نہیں دیا جائے گا اور حکومت کو مجبور کیا جائے گا کہ وہ عوام دوست بجٹ لے کر آئیں۔