لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ بجٹ کے ذریعے عوام پر تکالیف کی قیامت ٹوٹ پڑی ہے، پہلی بار دیکھا ہے حکومت اپوزیشن کے خلاف احتجاج کررہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی، بجٹ سے عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ ہوگا، بجٹ کے حق میں جو ووٹ دے گا وہ عوام کی عدالت میں مجرم ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ نئی کمیٹیوں کا سمجھ نہیں آتا، یہ فیصلے عمران خان کے ہاتھ میں نہیں ہیں، اعتراف جرم پر سب سے پہلے سوال علیمہ خان سے پوچھنا چاہئے۔
مریم نواز نے کہا کہ سعد رفیق، سلمان رفیق کی ضمانت کی امید تھی، سلمان رفیق کی طبیعت ناساز ہے، وزیراعظم کے خلاف الیکشن لڑنا سعد رفیق کی غلطی تھی، سعد رفیق اور سلمان رفیق کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ای سی سی، قومی سلامتی کمیٹی میں تمام اداروں کی شمولیت ہے، کمیشن میں اداروں کی شمولیت کی ضرورت نہیں تھی۔
مزید پڑھیں: بلاول بھٹو اور مریم نواز ملاقات، بجٹ کو منظوری سے روکنے پر اتفاق
مریم نواز نے کہا کہ میرا اور بلاول کا اہم مقصد تھا حکومت کی وجہ سے عوام مشکل میں ہے، سبق متفق ہیں کہ مہنگائی سے پسے عوام کے لیے باہر نکلنا چاہئے، ہر محاذ پر حکومت کی ناکامی نظر آتی ہے۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ ہم نے سیاست تب شروع کی جب ہم سزائیں کاٹ کر آئے ہیں، کوئی حق کی بات کرے تو قید، جیل مقدمات، سیاسی انتقام سے ڈراتے ہیں، میرے پاس ڈرنے کی کوئی چیز نہیں، مجھے ڈرایا نہیں جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ نئی نسل کی نمائندہ ہونے کے تحت سمجھتی ہوں حق کی بات کرنی چاہئے، سڑکوں پر نکلنے اور احتجاج کی نوعیت کا فیصلہ اے پی سی میں ہوگا، جلسوں، ورکرز کنونشن کا شیڈول تیار ہے میں جلسے کروں گی۔
مریم نواز نے کہا کہ عوام اپوزیشن کی جماعتوں اور اپنے حقیقی نمائندوں کی طرف دیکھ رہے ہیں، بجٹ میں مشکل کا سامنا ہے اس لیےے جعلی حکومت گھبراہٹ کا مظاہرہ کررہی ہے۔