اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عمران خان اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، وزیراعظم کا آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی کا خواب پورا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سیاسی تجربہ گاہ بنا رہا، دو خاندانوں کی باریاں لگیں، قوم نے دو خاندانوں کی غلامی سے نجات دلانے کے لیے عمران خان کو چنا، وزیراعظم ملک کی جنگ لڑ رہے ہیں وہ ملک کو کھڑا کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمںٹ کو یرغمالی ٹولے سے نجات دلانا ہوگی، اے پی سی میں شامل ہونے والے عمران خان کو اپنے مشن سے نہیں ہٹاسکتے، آستینیں چڑھا کر کہتے ہیں ہم بجٹ پاس نہیں ہونے دیں گے، قوم دیکھے گی گیدڑ بھپکیاں دینے والے بجٹ کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بجٹ عوام کے نمائندے ہی منظور کرائیں گے، جس کو ملک کی فکر ہوگی وہ بجٹ کے ساتھ کھڑا ہوگا، جو خاندانی وفاداری نبھائے گی وہ بجٹ سے لاتعلق رہے گا۔
مزید پڑھیں: اپوزیشن اراکین نے بجٹ سنا اور نہ ہی پڑھا، فردوس عاشق اعوان
معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ امید ہے کہ اپوزیشن بجٹ پر عوام سے ناطہ نہیں توڑے گی، الہ دین کا چراغ رگڑنے سے سکوں کی بارش ہوسکتی ہے تو وہ فارمولا ہمیں دے دیں، خزانے کی صورت حال کے منظر اس سے بہتر بجٹ نہیں ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی خاطر بجٹ میں ترامیم کے لیے تیار ہے، غنڈہ گردی کے ذریعے نہیں بلکہ آئینی طریقہ کار سے ترامیم لائی جائیں گی، ترامیم سے عوام کا فائدہ ہوگا تو حکومت ایک منٹ تاخیر نہیں کرے گی۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا بجٹ میں پریس کلب کی گرانٹ شامل کرادی ہے، بجت پاس ہونا ضروری ہے یہ آپ کے حقوق کا ضامن بجٹ ہے، آپ لوگ ہماری اور پاکستان کی طاقت ہیں۔