لاہور : سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ سرفراز احمد میں اعتماد نظرنہیں آرہا، اس کی جارحانہ مزاجی کہیں کھو گئی ہے، ڈریسنگ روم کے حالات کی تحقیقات کی جائیں۔
یہ بات انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں گزشتہ آٹھ ماہ کی اکھاڑ پچھاڑ کی وجہ سے تباہی ہوئی۔
بورڈ میں تقسیم ہے اسے دھمکیوں کی بنیاد پر چلایا جارہا ہے، بورڈ کو لاہور کے بجائے لندن جاکر کھلاڑیوں کا اعتماد بحال کرنا چاہیے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ڈریسنگ روم کے موجودہ حالات کی تحقیقات کی جائیں، کوچ، کپتان اورکھلاڑیوں نے پی آر منیجر کیوں رکھے ہوئے ہیں جبکہ ہمارے دور میں کسی نے پی آر منیجرنہیں رکھے تھے، کوچ اور کپتان میں کوئی خوف ہے، وہ کیا خوف ہے اسے جاننا چاہیے۔
مزید پڑھیں: بہت زیادہ غلطیاں کیں جس کی وجہ سے میچ ہارے: سرفراز احمد کا اعتراف
ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت سے حالیہ شکست کے بعد کپتان سرفراز احمد میں اعتماد نظرنہیں آرہا، اس کی جارحانہ مزاجی کہیں کھوگئی ہے، نئےلڑکوں کو موقع ملنا چاہیے تھا، موجودہ ٹیم میں اعتماد کی شدید کمی ہے۔