کراچی: شہرقائد کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ رک نہ سکا، آج بھی شہریوں کو بجلی کی بندش کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی، گلشن معمار، احسن آباد میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، ملیر جناح اسکوائر، لیاقت اسکوائر، شیش محل اور محبت نگر میں بجلی بند رہی۔
جعفرطیار، ایف ساؤتھ ایریا، غازی ٹاؤن، اردونگر، غریب آباد، علیم آباد، شبانہ ٹاؤن، ایچ ایریا، بلدیہ ٹاؤن، نارتھ کراچی میں بھی لوڈ شیڈنگ جاری ہے، جبکہ لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی بجلی غائب ہے۔
دوسری جانب کراچی والوں کے لیے بری خبر یہ ہے کہ کل سے شہر کی آدھی آبادی میں بجلی معطل ہونے کاخدشہ ہے کیونکہ کے الیکٹرک کا آج یعنی 19 جون 2019 کو تقسیم کارکمپنی سے 22 سالہ معاہدہ ختم ہوجائے گا۔
کے الیکٹرک کو 150 میگا واٹ بجلی کی سپلائی کا معاہدہ طے ہو گیا: این ٹی ڈی سی
خیال رہے کہ معاہدہ ختم ہونے کے بعد شہر میں 123میگاواٹ بجلی کی پیداوار معطل ہوگی جس کے باعث شہر کی نصف آبادی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق کے الیکٹرک بالکل مفت بجلی حاصل کر کے شہر قائد کے عوام سے ماہانہ کروڑوں روپے وصول کرتی ہے، نیشنل گرڈسے کے الیکٹرک کو 6سو میگاواٹ سے زائد بجلی فراہم کی جاتی ہے۔