لاہور/ کراچی: اپوزیشن نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ جب سے انھیں وزارت ملی ہے، ٹرینوں کے حادثات بڑھ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے حیدر آباد کے قریب ٹرین حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ٹرین حادثہ شیخ رشید کی ناکامی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنااللہ نے ریلوے حادثے پر وزیر ریلوے سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ موصوف کو جب سے وزارت ملی، ٹرینوں کے حادثات بڑھ گئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اپوزیشن کے خلاف بیان کی بہ جائے کام پر توجہ دی ہوتی تو حادثہ نہ ہوتا، وزیر اعظم مغربی جمہوریت پر چلتے ہوئے وزیر ریلوے سے استعفیٰ لیں، نیز ریلوے حادثے پر شیخ رشید کے خلاف مقدمہ بھی ہونا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی سے جانے والی جناح ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی، تین افراد جاں بحق
دریں اثنا، پی پی رہنما نفیسہ شاہ نے بھی کہا ہے کہ شیخ رشید ریلوے نہیں چلا سکتے تو مستعفی ہو جائیں، ٹرینوں کا شیڈول متاثر ہے، مسافروں کا کوئی پرسان حال نہیں، ریلوے کی طرح حکومت کی ریل گاڑی بھی حادثات کا شکار ہے، نا اہلی پر شرمندگی کی بہ جائے حکومت ڈھٹائی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
ادھر وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ زبان اور ریلوے سنبھالنا شیخ رشید کے بس کی بات نہیں ہے، شیخ رشید کی توجہ وزارت پر کم اور چاپلوسی پر زیادہ ہے، ان کی نا اہلی کی وجہ سے ریلوے خسارے کا شکار ہے۔
خیال رہے وزیر ریلوے نے ٹرین حادثے کی 24 گھنٹے میں انکوائری مکمل کرنے کا حکم دیا ہے، ادھر ایس ایس پی ریلوے کراچی ڈویژن شہلا قریشی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ڈاؤن ٹریک کلیئر کر دیا گیا ہے، جب کہ اپ ٹریک پر ریسکیو کا کام جاری ہے، حادثے کی وجوہ کا تعین ریسکیو آپریشن کے بعد کیا جائے گا۔