بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

جعلی اکاؤنٹس کیس: آصف علی زرداری کے ریمانڈ‌میں 11 روز کی توسیع

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار سابق صدرآصف علی زرداری کے ریمانڈ میں احتساب عدالت  نے 11 روز کی توسیع کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت معزز جج ارشد ملک  نے کی ، نیب کی جانب سے ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کے لیے درخواست کی گئی۔

فریقین کے دلائل سننے کے بعد احتساب عدالت نے سابق صدر کے ریمانڈ میں 11 روز کی توسیع کرتے ہوئے 11 فاروق ایچ نائیک کی درخواست پر دو جون کو سماعت مقرر کردی۔

عدالت میں سماعت کے بعد نیب کی ٹیم پارلیمنٹ کی جانب سے جاری کردہ پروڈکشن آرڈر کے سبب آصف علی زرداری کو لے کر پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئی جہاں وہ اجلاس میں حصہ لیں گے۔

احتساب عدالت میں آج سابق صدر آصف علی زرداری کی پیشی کے موقع پر پولیس نے پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کو عدالت میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جس کے بعد پیپلزپارٹی کے ارکان پارلیمنٹ عدالت کے باہرموجود رہے۔

سابق صدر کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پرسیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ عدالت کی جانب آنے والے تمام راستے بند کردیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ 10 جون کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپورکی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ سے ضمانت مسترد ہونے کے بعد نیب کی ٹیم نے پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو زرداری ہاؤس اسلام آباد سے گرفتار کیا تھا۔

نیب کی 15 رکنی ٹیم میں سے 6 اہلکاروں کو زرداری ہاؤس میں داخلے کی اجازت دی گئی تھی جنہوں نے سابق صدر کو گرفتار کرکے انہیں نیب دفتر راولپنڈی منتقل کیا تھا۔

بعدازاں 11 جون کو احتساب عدالت نے آصف علی زرداری کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا اور انہیں 21 جون کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

سابق صدر آصف علی زرداری کی جسمانی ریمانڈ کے دوران بچوں سے ملاقات کرائی گئی، اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پروڈکشن آڈر جاری ہونے کے بعد پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھی شرکت کی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں