اسلام آباد : فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس نادہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے اقدامات کا آغاز کرتے ہوئے سندھ میں مہنگی گاڑیاں رکھنے والے1350افراد کو نوٹس جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق شاہانہ طرز زندگی گزارنے والے ٹیکس نادہندگان کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا ، ایف بی آر نے سندھ میں تیرہ ہزار پانچ سو لگژری گاڑیاں رکھنے والوں کو نوٹس جاری کردیا۔
ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ نہ اٹھایا تو یکم جولائی سے ایکشن شروع ہو جائے گا۔ فیصلہ کرلیا گیا ہے کہ شاہانہ زندگی گزارنی ہے تو ٹیکس بھی دینا ہوگا۔
ایف بی آر نے ہواؤں میں اڑنے والوں کو نوٹس جاری کر دئیے، سندھ میں تیرہ ہزار پانچ سو لگژری گاڑیاں رکھنے والوں کا ڈیٹا جمع کرلیا گیا، ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ٹیکس نادہندہ مالکان نے ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ نہ اٹھایا تو یکم جولائی سے ڈنڈا اٹھا لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق نو ہزار دو سو تیس ڈبل کیبن، ایک ہزار چھ سو پانچ لینڈ کروزر، ایک ہزار نو سو ستر پراڈو، پینتالیس او ڈی، دو سو باہتر لگژری مرسڈیز اور اکہتر بی ایم ڈبلیو کے مالکان کو نوٹس دئیے گئے ہیں، یکم جولائی سے بے نامی ایکٹ کے تحت سات سال تک سزا اور اثاثے ضبط کیے جا سکتے ہیں۔