صنعا: یمنی بندرگاہ الحدیدہ میں حوثیوں کے عسکری ٹھکانوں پر اتحادی فوج کی شدید بمباری کے نتیجے میں درجنوں حوثی باغی ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن میں آئینی حکومت کی رِٹ کی بحالی میں سرگرم عرب اتحادی فوج کی ساحلی علاقے الحدیدہ کے شمال میں ایران نواز حوثی شدت پسندوں کے متعدد ٹھکانوں پر بمباری کے نتیجے میں باغیوں کو غیر معمولی جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
عرب اتحادی فوج کی طرف سے جاری بیان میں یمنی شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ حوثی دہشت گردوں کے فوجی ٹھکانوں سے دور رہیں تاکہ کسی فوجی کارروائی کے وقت شہریوں کو جانی نقصان سے بچایا جاسکے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حوثی شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر حملے باغیوں کی دہشت گردانہ کارروائیوں اور ان کی فوجی صلاحیت کو تباہ کرنے کے لیے ہیں۔
بیان کے مطابق حوثیوں کے خلاف کارروائیاں بین الاقوامی قوانین کے مطابق اور عالمی انسانی معاہدوں کے ضوابط کے تحت کی جا رہی ہیں۔
عرب اتحادی فوج نے کہا کہ اس نے شمالی الحدیدہ میں حوثیوں کی بارود سے بھری متعدد کشتیوں کو بھی نشانہ بنایا جو بین الاقوامی جہاز رانی کے لیے خطرہ تھیں۔
حوثی باغیوں کا ایک بار پھر سعودی عرب پر میزائل حملہ
میڈیا رپورٹ کے مطابق شمالی الحدیدہ میں بحر الاحمر میں عالمی جہازوں پر حملوں کےلئے تیار کی گئی حوثیوں کی 9 بارود بردار کشتیاں تباہ کردی گئیں۔
خیال رہے کہ حوثی باغیوں نے گذشتہ ماہ سعودی ایئرپورٹ پر بیلسٹک میزائل داغے تھے، تاہم کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔