اسلام آباد: افغانستان میں قیام امن کے لیے لاہور پراسیس کے نام سے پہلی کانفرنس آج بھوربن مری میں ہورہی ہے، کانفرنس میں افغانستان کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے قائدین شریک ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی آج بھوربن لاہور پراسیس نام سے افغان امن کانفرنس کی افتتاحی نشست سے خطاب کریں گے۔ کانفرنس میں افغانستان کی 18 سیاسی جماعتوں وگروپس کے 57 مندوبین شریک ہوں گے۔
حزب اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمت یار، استاد عطا نور، افغان امن جرگہ کے سربراہ کریم خلیلی اور ازبک رہنما رشید دوستم سمیت افغانستان کے متعدد سینیٹرز، ارکان اسمبلی بھی کانفرنس میں شریک ہوں گے۔
کانفرنس میں رابطوں، تجارت، معیشت اور صحت سمیت مختلف شعبوں پرغور کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ افغان پناہ گزینوں کی اپنے ملک واپسی کا بھی جائزہ لیا جائے گا جو گزشتہ 4 دہائیوں سے پاکستان میں رہائش پذیر ہیں۔
لاہور پراسیس کے نام سے یہ کانفرنس پاکستان اور افغانستان کے عوام کے درمیان رابطوں میں اضافے کا موقع فراہم کرے گی اور اس سے دونوں ہمسایہ ملکوں کے درمیان اعتماد سازی میں اضافہ ہوگا۔
صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی پاکستان افغان امن کانفرنس کے شرکاء کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے۔ کانفرنس کے شرکاء وزیراعظم پاکستان سے بھی ملاقات کریں گے۔