اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ کہتے تھے یہ حکومت 2 ماہ بھی نہیں چل سکتی، لائق لوگ ہیں دعوے بھی کرتے ہیں اورمنی لانڈرنگ بھی کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی فرخ حبیب نے کہا کہ بجٹ پر کافی بحث ہوچکی ہے، اچھی بات ہے تجاویز بھی آرہی ہیں اور اعتراف جرم بھی کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک وقت آتا ہے ملک میں ایک خاندان کا سنہری دورشروع ہوتا ہے، ایک اتفاق فاؤنڈری شروع ہوتی ہے، اس سنہری دورمیں جدہ میں اسٹیل ملزلگ گئیں۔
فرخ حبیب نے کہا کہ اس سنہری دورمیں قوم کوٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا گیا، قرض اتارو ملک سنوارو اوراتفاق فاؤنڈری بچاؤ بھی کہا گیا۔
تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ وہ سنہری دورشریف فیملی کے علاوہ کسی کے لیے نہیں تھا، 28 کروڑبیرون ملک علاج پر ، 80 کروڑجاتی امرامیں دیوارپرخرچ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سنہری دورمیں مورمر جاتا تھا تو پولیس افسرکومعطل کردیا جاتا تھا، سنہری دورمیں پاکستان کی قسمت کیوں نہیں جاگی۔
فرخ حبیب نے کہا کہ کچھ لوگ کہتے تھے یہ حکومت 2 ماہ بھی نہیں چل سکتی، لائق لوگ ہیں دعوے بھی کرتے ہیں اورمنی لانڈرنگ بھی کرتے ہیں، ایسےلائق ہیں چینی والا،فالودے والا اور پاپڑ والا آگیا ہے۔