دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستانی ایمپائر علیم ڈار سے بدتمیزی کرنے پر بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی پر جرمانہ عائد کردیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بھارت اور افغانستان کی ٹیموں کے مابین ساؤتھ ہمپٹن میں میچ ہوا جس میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر آئی سی سی نے ویرات کوہلی پر میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کیا۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کرکٹ قوانین کے آرٹیکل 2.1 کی خلاف وزری کی جس کی بنیاد پر انہیں میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا کیونکہ انہوں نے ضرورت سے زیادہ اپیل کی اور آؤٹ نہ دینے پر پاکستانی ایمپائر علیم ڈار کے ساتھ جارحانہ انداز اپنایا۔
اعلامیے کے مطابق افغانستان کی اننگز کے 29وویں اوور میں جب بھمرا نے رحمت شاہ کو ایل بی ڈبلیو کیا تو علیم ڈار نے بھارت کی آؤٹ کی اپیل مسترد کردی تھی جس کے بعد کوہلی انتہائی جارحانہ اور جذباتی انداز میں ایمپائر کے پاس پہنچے اور بدتمیزی بھی کی۔
دوسری جانب بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے اپنی غلطی کو تسلیم کرتے ہوئے میچ ریفری کی جانب سے عائد جرمانے کو قبل کرلیا جس کے بعد آئی سی سی نے ویرات کوہلی کے خلاف باقاعدہ سماعت نہ کرنے کا اعلان کیا۔
مزید پڑھیں: شامی کی تباہ کن باؤلنگ، ورلڈکپ کی پہلی ہیٹٹرک، افغانستان کو شکست
علاوہ ازیں آئی سی سی نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کوہلی کے نظم و ضبط ریکارڈ سے ایک پوائنٹ بھی کم کردیا، قبل ازیں دو بار 2016 اور 2018 میں بھی کوہلی کے ایمپائر سے بدتمیزی پر دو پوائنٹس کم کیے جاچکے ہیں۔