لندن: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ کامیابی ٹیم پرفارمنس کا نتیجہ ہے، میچ میں بہت کیچز چھوڑے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے جنوبی افریقہ کے خلاف کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم اور حارث سہیل نے بہترین بلے بازی کی، ٹیم کمبی نیشن کی وجہ سے حارث کو پہلے موقع نہیں ملا۔
انہوں نے کہا کہ مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل نے آخری اوور میں بٹلر کی طرح کھیلا، آج کے میچ میں ہم نے بہت کیچز چھوڑے ہیں فیلڈنگ میں ہمیں محنت کی ضرورت ہے۔
سرفراز احمد نے کہا کہ محمد عامر، شاداب خان اور وہاب ریاض نے بہت اچھی بولنگ کی، آج کے میچ میں مداحوں کی جانب سے سپورٹ کرنے پر شکر گزار ہوں۔
مزید پڑھیں: ورلڈ کپ 2019: پاکستان نے جنوبی افریقہ کو49 رنز سے ہرا کر ورلڈ کپ سے باہر کردیا
دوسری جانب مین آف دی میچ حارث سہیل نے کہا کہ مجھے کہا گیا تھا کہ بابر اعظم کے ساتھ شراکت داری قائم کرنا، میں گیا اور اپنا نیچرل گیم کھیلا اور بابر کے ساتھ پارٹنر شپ لگائی۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف 49 رنز سے کامیابی کے بعد سابق کھلاڑیوں اور وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے بھی سوشل میڈیا پر پاکستانی ٹیم کو مبارک باد دی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان کو ورلڈ کپ اپنے بقیہ تینوں میچز بھی جیتنے ہیں، قومی ٹیم 26 جون بروز بدھ کو ورلڈ کپ کی ناقابل شکست ٹیم نیوزی لینڈ سے میچ کھیلے گی اس کے بعد بنگلہ دیش اور افغانستان سے بھی میچز ہونا ہے۔