لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے رات گئے بغیر پروٹوکول مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور کہاعوام کےمسائل کا خود جائزہ لے کر ان کے حل کیلئے اقدامات کرتا ہوں، عوام ہی میرا اثاثہ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے رات گئے بغیر پروٹوکول لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، جن میں گلبرگ، منی مارکیٹ، لبرٹی چوک، برکت مارکیٹ، جیل روڈ اور دیگرعلاقے شامل تھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نےگاڑی خودچلائی اور صفائی،اسٹریٹ لائٹس اورٹریفک نظام کاجائزہ لیا جبکہ سروسز اسپتال کےباہر لواحقین سے علاج معالجہ اور مسائل کے بارے میں پوچھا اور مریضوں کے لواحقین کو مسائل کے جلد از جلد حل کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر عثمان بزدار نے کہا عوام کےمسائل کا خود جائزہ لے کر ان کے حل کیلئے اقدامات کرتا ہوں، عوام ہی میرا اثاثہ ہیں۔
گذشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا عوام کی زندگی بہتر بنانے کیلئے پرانا نظام بدلنا ہوگا، عوام کی خدمت کے دعویدار وں نے معیشت کو تباہ کر دیا، سابق ادوارمیں لوٹ مار سےپاکستان بدحالی کی تصویر پیش کر رہا ہے، ملک کےخزانے کو بے دردی سے لوٹ کر ذاتی تجوریاں بھری گئیں۔ْ
اس سے قبل عثمان بزدار نے کہا تھا حکومت عوام کی فلاح وبہبودکےلیےدن رات کوشاں ہیں، عوام کی خدمت ہمارا مشن ہے،قوم ہمارے ساتھ ہے، حکومت خراب معیشت کو درست کرنے کیلئے کام کررہی ہے۔
ان کا کہنا تھا مشکل فیصلے ملک و قوم کے مفاد میں کیےگئے ہیں، اپوزیشن کا کام صرف شور مچانا رہ گیا ہے، اپوزیشن کےغیرجمہوری ہتھکنڈوں کابھرپورجواب دیں گے، اپوزیشن کا غیر فطری گٹھ جوڑ بہت جلد اپنے انجام کوپہنچ جائے گا۔