اسلام آباد: پاکستان کیلئے ایک خوشی کی خبر سامنے آگئی، قطری حکومت نے اعلان کیا ہے قطر پاکستان میں3ارب ڈالرکی براہ راست سرمایہ کاری کرے گا، سرمایہ کاری کے بعد پاک قطر باہمی معاشی تعاون کا حجم 9 ارب ڈالرہوگا۔
قطر کی سرکاری نیوزایجنسی کے مطابق امیرقطر شیخ تمیم بن حمدالثانی کی ہدایت پرنائب وزیر اعظم شیخ محمدبن عبدالرحمان نے اعلان کیا ہے کہ قطر پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کرے گا۔
حکومتی اعلامیہ میں قطری نائب وزیراعظم نے کہا 3 ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کےبعدپاک قطرباہمی معاشی تعاون کاحجم9ارب ڈالرہوگا، پاکستان سے دیگرشعبوں میں بھی تعاون بڑھانےکےخواہاں ہیں۔
اس سے قبل قطری نیوز ایجنسی کے مطابق قطر کے وزیرخارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی کا کہناتھا پاکستان کو تین ارب ڈالرڈائریکٹ ڈپازٹس اوربراہ راست سرمایہ کاری کی مد میں دیئےجائیں گے جبکہ قطر پاکستان میں گیس اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری بھی کرے گا۔
اس سے قبل سعودی عرب اور یو اے ای بھی پاکستان کو ایسے ہی پیکجز دے چکے ہیں، سعودی عرب نے پاکستان کو ڈائریکٹر ڈپازٹس کےعلاوہ مؤخر ادائیگیوں پر تیل کی سہولت بھی فراہم کی ہے۔
پاکستان کا آئی ایم ایف سے بھی اصولی معاہدہ طےپاگیا ہے، جس کے تحت پاکستان کوچھ ارب ڈالرملیں گے، معاہدے کی حتمی منظوری آئی ایم ایف کا بورڈ اگلے ماہ دےگا۔
دوسری جانب مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا امیرقطرکا 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر شکریہ ادا کرتا ہوں، اس سے پاکستان اور قطر کے تعلقات مزید بہترہوں گے۔
Want to thank the Emir of Qatar HRH Sheikh Tamim Bin Hamad Al Thani for announcing US $3 Billion in #deposits and direct #investments for #Pakistan and for #Qatar’s affirmation to further develop relations between the two countries.
— Dr. Abdul Hafeez Shaikh (@a_hafeezshaikh) June 24, 2019
یاد رہے ہفتے کے روز امیر قطر شیخ تمیم بن حمدالثانی پاکستان پہنچے تھے، جہاں وزیراعظم عمران خان نے ان کا استقبال کیا ، دورے کے دوران امیر قطر کی وزیراعظم عمران خان سے ون آن ون ملاقات ہوئی جبکہ پاکستان اورقطرکےدرمیان وفودکی سطح پربھی مذاکرات ہوئے۔
مذاکرات میں منی لانڈرنگ،انسداد دہشت گردی کی مالی معاونت،خفیہ معلومات کےتبادلے کی یادداشت پردستخط ہوئے، تجارت اورسرمایہ کاری میں تعاون کیلئےورکنگ گروپ، سیاحت اورتجارت کی ترقی کیلئےتعاون کی مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے۔
امیر قطر شیخ تمیم بن حمدالثانی کو صدر مملکت عارف علوی نے نشان پاکستان سے بھی نوازا۔