اسلام آباد: پڑوسی ملک افغانستان کے صدر اشرف غنی رواں ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے، وہ 2 روزہ دورے پر پاکستان آئیں گے۔
تفصیلات کے مطابق افغان صدر اشرف غنی رواں ہفتے 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے، ذرایع کا کہنا ہے کہ افغان صدر 27 جون کو سرکاری دورے پر پاکستان آئیں گے۔
صدر اشرف غنی دورۂ پاکستان کے دوران وزیر اعظم عمران خان اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات کریں گے۔
ذرایع کے مطابق افغان صدر لاہور کی بادشاہی مسجد میں نماز جمعہ بھی ادا کریں گے، یاد رہے کہ اشرف غنی وزیر اعظم عمران خان کی دعوت پر پاکستان آ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: افغان صدر اشرف غنی کا پاکستان کا دورہ کرنے کا اعلان
وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ ماہ ٹیلی فونک گفتگو میں افغان صدر اشرف غنی کو دورۂ پاکستان کی دعوت دی تھی۔
یاد رہے کہ افغان صدر اشرف غنی نے پاکستان کے دورے کا اعلان رواں ماہ کے آغاز میں کیا تھا، دونوں رہنماؤں کی سعودی عرب میں ہونے والے او آئی سی اجلاس میں ملاقات بھی ہوئی، افغان صدر نے ملاقات کو مثبت قرار دیا تھا۔
انھوں نے عمران خان سے ہونے والی ملاقات کو تعمیری قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ عمران خان سے اگلی ملاقات 27 جون کو اسلام آباد میں کریں گے، توقع ہے دورۂ پاکستان سے تعلقات بہتر ہوں گے۔