کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے سابق وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن کی پونے 6 ارب روپے کرپشن ریفرنس میں ضمانت منظور کرلی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ نے پونے 6 ارب روپے کرپشن ریفرنس میں پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن کی ضمانت 50 لاکھ کے عوض منظور کرلی۔
شرجیل میمن نے کرپشن کے نیب ریفرنس میں درخواست ضمانت دائر کی تھی جس پر آج عدالت نے محفوظ فیصلہ سنایا۔ اس سے قبل سندھ ہائی کورٹ نے 2 بار شرجیل میمن کی درخواست ضمانت مسترد کی تھی۔
احتساب عدالت میں ملزمان کے خلاف ریفرنس زیرسماعت ہے، ریفرنس میں سابق سیکرٹری انفارمیشن ذوالفقار شلوانی سمیت 13 ملزمان گرفتارہیں۔
یاد رہے کہ سابق صوبائی وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن اور دیگر پر15-2013 کے دوران سرکاری رقم میں 5 ارب 76 کروڑ روپے کی خرد برد کا الزام ہے۔
شرجیل انعام میمن پرالزام ہے کہ انہوں نے مذکورہ رقم صوبائی حکومت کی جانب سے آگاہی مہم کے لیے الیکٹرونک میڈیا کو دیے جانے والے اشتہارات کی مد میں کی جانے والے کرپشن کے دوران خرد برد کی۔