اسلام آباد: متحدہ اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کے لیے مولانا فضل الرحمان کی جانب سے اپوزیشن کے سربراہوں کو باقاعدہ دعوت دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام ف کے ترجمان نے کہا ہے کہ اپوزیشن رہنماؤں کو دعوت دے دی گئی ہے، ایم ایم اے میں شامل سربراہان کو بھی دعوت نامے بھجوائے گئے۔
ترجمان نے بتایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کو بھی اے پی سی میں شرکت کی باقاعدہ دعوت دی گئی۔
جے یو آئی ف کے ترجمان کا کہنا تھا کہ حاصل بزنجو، اختر مینگل، محمود خان اچکزئی، اسفندیار ولی، آفتاب شیرپاؤ، سراج الحق، ساجد نقوی، ساجد میر اور اویس نورانی کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مولانا کا اے پی سی کی تاریخ تبدیل کرنے سے انکار، اپوزیشن کو استعفوں کی تجویز
ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اپوزیشن کی تمام پارلیمانی جماعتوں کو دعوت دی جا چکی ہے۔
خیال رہے کہ ایک دن قبل ذرایع نے بتایا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں ن لیگ، پیپلز پارٹی اور اے این پی نے مولانا فضل الرحمان کو اے پی سی کی تاریخ تبدیل کرنے کا مشورہ دے دیا تھا، تاہم انھوں نے اے پی سی کی تاریخ تبدیل کرنے سے انکار کیا، مولانا نے کہا کہ اراکین کو دعوت نامے ارسال کر دیے گئے ہیں اس لیے اب یہ ممکن نہیں۔
ادھر جے یو آئی سربراہ نے بھی حکومت پر دباؤ بڑھانے کے لیے اسمبلی میں موجود اپوزیشن جماعتوں کو استعفے دینے کا مشورہ دیا ہے۔