نارووال : خاتون نے شیر خوار بچے کو اغواء کرلیا، نجی اسپتال سے اغواء کار شیرخوار کو شاپر میں ڈال کر لے گئی۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ پولیس اور عملہ تعاون نہیں کررہا۔
تفصیلات کے مطابق نارووال کے ایک نجی اسپتال سے خاتون شیرخوار کو شاپر میں ڈال کر لے گئی، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نقاب پوش خاتون بچے کو گود میں لے کر پہلے واش روم میں گئی، اغوا کار واش روم سے باہر نکلی تواس کے ہاتھ میں بڑا سا شاپر تھا۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے تلاش شروع کردی۔
اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے فرخ انعام نے بتایا کہ لواحقین نے بتایا ہے کہ چار روز قبل ان کے ہاں بیٹے کی ولادت ہوئی بچے کی نانی اسے لیکر اسپتال کی لابی میں بیٹھی تھی۔
اس دوران ایک عورت نے آکر بچے کو نانی سے کہا کہ بچے کی آنکھیں خراب لگ رہی ہیں اسے ڈاکٹر کو دکھائیں جس پر وہ عورت نانی سمیت بچے کو دکھانے ڈاکٹر کے پاس اور بہانے سے اسے لے کر غائب ہوگئی۔
اس حوالے سے بچے کی نانی کا کہنا ہے کہ یہ عورت مجھے کل بھی ملی تھی اور کہاتھا کہ وہ یہاں کام کرتی ہے، نمائندے کے مطابق مغوی بچے کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ پولیس اور اسپتال کا عملہ ہم سے کسی قسم کا کوئی تعاون نہیں کررہا۔
دوسری جانب پولیس حکام کا مؤقف ہے کہ واقعے کی چھان بین کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔