اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کے لیے 5 رکنی وفد کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی پی نے اے پی سی میں شرکت کے لیے پانچ رکنی وفد کا اعلان کر دیا، بلاول بھٹو اے پی سی میں شرکت کریں گے یا نہیں، اس کا فیصلہ کل ہوگا۔
پیپلز پارٹی کے وفد میں یوسف رضا گیلانی، رضا ربانی، نیئر بخاری، شیری رحمان اور فرحت اللہ بابر شامل ہیں۔
اے پی سی میں بلاول بھٹو کی شرکت کا فیصلہ پی پی کے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ہوگا، اجلاس میں بجٹ مسترد کیے جانے سے متعلق حکمت عملی پر غور ہوگا۔
پیپلز پارٹی کا پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل صبح 10 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: بجٹ پاس نہیں ہونے دیں گے، کل اے پی سی میں وفد کی صورت شرکت کریں گے: شہباز شریف
خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے بھی کہہ دیا ہے کہ آج اے پی سی میں وفد کی صورت میں شرکت کریں گے۔
ادھر جمعیت علمائے اسلام ف کے ترجمان نے کہا ہے کہ اپوزیشن رہنماؤں کو دعوت دے دی گئی ہے، ایم ایم اے میں شامل سربراہان کو بھی دعوت نامے بھجوا دیے گئے۔
دو دن قبل ذرایع نے بتایا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں ن لیگ، پیپلز پارٹی اور اے این پی نے مولانا فضل الرحمان کو اے پی سی کی تاریخ تبدیل کرنے کا مشورہ دے دیا تھا، تاہم انھوں نے اے پی سی کی تاریخ تبدیل کرنے سے انکار کیا، مولانا نے کہا کہ اراکین کو دعوت نامے ارسال کر دیے گئے ہیں اس لیے اب یہ ممکن نہیں۔
جے یو آئی سربراہ نے بھی حکومت پر دباؤ بڑھانے کے لیے اسمبلی میں موجود اپوزیشن جماعتوں کو استعفے دینے کا مشورہ دیا ہے۔