اسلام آباد: وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے آج اسمبلی میں دھواں دار تقریر کی، اس دوران کئی دل چسپ مناظر دیکھنے میں آئے۔
تفصیلات کے مطابق آج حماد اظہر نے اپنی تقریر میں اپوزیشن کو آڑے ہاتھ لیا۔ اس دوران حکومتی بینچوں سے قہقہہ بلند ہوتے رہے، جب کہ اپوزیشن بینچوں پر خاموشی رہی۔
حماد اظہر نے کہا کہ ہمارے پاس لوگ آئی ایم ایف سےاستعفیٰ دے کر آئے، اِن کے لوگ تو وزیراعظم ہوتے ہوئے اقامہ لے رہے تھے، سیکیورٹی گارڈ کی نوکری کرنے والے ان کے زمانے میں نیشنل سیکیورٹی کی وزارتیں دیکھ رہے تھے۔
انھوں نے کہا کہ پانچ سال میں پاک فوج نے آپریشن ضرب عضب میں کامیابی حاصل کی، آپریشن ضرب عضب میں ن لیگ حکومت نےرکاوٹوں کی کوشش کی، ہم پاک فوج کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں.
روحیل اصغر پر تنقید
حماد اظہر کی تقریر کے دوران جب مسلم لیگ (ن) کے رہنما شیخ روحیل اصغر نے مداخلت کی، تو وزیر مملکت کی جانب سے شدید ردعمل آیا.
حماد اظہار نے کہا کہ میرے والد ق لیگ کے صدر بنے، تو یہ شخص سب سے پہلے ٹکٹ مانگنے آیا تھا، منہ نہ کھلوائیں، بہت سے پردہ نشینوں کے نام لے سکتا ہوں.
وزیر اعظم ڈیسک بجاتے رہے
حماد اظہر کی دھواں دار تقریر کے دوران وزیر اعظم عمران خان بھی ایوان میں موجود تھے.
وزیر مملکت کی تقریر پر وزیر اعظم ڈیسک بجاتے رہے، انھوں نے مشورے بھی دیے، جنھیں حماد اظہر نے اپنی تقریر کا حصہ بنایا.