کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی میں ہفتے اور اتوار کو تیزہواؤں کےساتھ بونداباندی کی پیش گوئی کردی جبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں اور اندرون سندھ میں موسم شدید گرم رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق شہرقائد والے ویک اینڈ پر بونداباندی کیلئے تیار ہوجائیں، محکمہ موسمیات نے کراچی میں ہفتے اور اتوار کو تیزہواؤں کےساتھ بونداباندی کی پیش گوئی کی ہے جبکہ آج مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ متوقع ہے۔
کراچی کاموجودہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ، ہوامیں نمی کاتناسب 61 فیصد ہے ، جنوب مغربی سمت سے ہوا 29 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتارسےچل رہی ہے۔
دوسری جانب پنجاب کے میدانی علاقوں اوراندرون سندھ میں موسم شدید گرم رہے گا جبکہ بالائی علاقوں مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور،کوہاٹ، بنوں اورپنجاب کےعلاقوں گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور، فیصل آباد سمیت اسلا م آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اورگرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔
گزشتہ روز دادواور سبی میں درجہ حرارت سینتالیس ڈگری سینٹی گریڈ، بہاولنگر، سکھر پینتالیس ، شہیدبینظیرآباد، جیکب آباد، روہڑی، موہنجوداڑوسرگودھا میں چوالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔