اسلام آباد : چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی سےمتعلق رہبرکمیٹی کی تشکیل دے دی گئی اور مسلم لیگ (ن)نے شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کے نام رہبر کمیٹی کےلئے تجویر کئے ہیں، رہبرکمیٹی چیئرمین سینیٹ سے متعلق ناموں کوحتمی شکل دے گی۔
تفیصلات کے مطابق اپوزیشن کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا شہباز شریف کی صدارت میں اجلاس ہوا جس میں پاکستان پیپلزپارٹی کا کوئی رکن شریک نہیں ہوا، ،اجلاس میں مولانا اسعد محمود، شاہدہ اختر ، شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، مریم اورنگزیب ،مرتضی ٰجاوید عباسی، روحیل اصغر، کھیئل داس کوہستانی و دیگر شریک ہوئے ۔
اجلاس میں رہبر کمیٹی کے لئے نامزدگی سے متعلق مشاورت کی گئی ، قومی اسمبلی میں بجٹ کی منظوری اور سپلمنٹری گرانٹس کے منظوری پر بات چیت کی گئی ۔
ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن نے رہبر کمیٹی کے لئے شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کے نام تجویز کئے اور نام مولانا فضل الرحمن کو بھجوا دیئے، رہبرکمیٹی چیئرمین سینیٹ سےمتعلق ناموں کوحتمی شکل دے گی۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے چیئرمین سینیٹ کا نام تاحال فائنل نہیں کیا، مسلم لیگ ن کی جانب سے میر حاصل بزنجو کے نام پر غور کیا گیا.
واضح رہے کہ اے پی سی کے بعد اپوزیشن رہنماﺅں کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ25جولائی کو یوم سیاہ منایا جائے گا، عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان کیا گیا، اے پی سی کے فیصلوں پر عمل در آمد کیلئے رہبر کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے، اس کے علاوہ چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔