اسلام آباد: روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے لیے 40 رکنی سعودی وفد اسلام آباد پہنچ گیا، ایئر پورٹ پر وفاقی وزیر اور سیکریٹری مذہبی امور نے وفد کا استقبال کیا۔
تفصیلات کے مطابق چالیس رکنی سعودی وفد روڈ ٹو مکہ منصوبے کے سلسلے میں اسلام آباد ایئر پورٹ پہنچ گیا ہے، وفاقی وزیر نور الحق قادری اور سیکریٹری مذہبی امور کی جانب سے سعودی وفد کو گل دستہ پیش کیا گیا۔
روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے لیے اسلام آباد ایئر پورٹ پر خصوصی کاؤنٹرز کی تنصیب مکمل کر لی گئی ہے، سعودی وفد کل سے اسلام آباد ایئر پورٹ پر ذمہ داریاں سنبھالے گا۔
خیال رہے کہ حج 2019 کے لیے فضائی آپریشن 4 جولائی سے شروع ہوگا، ادھر سرکاری حج اسکیم کی تیاریاں بھی آخری مراحل میں ہیں، ای ویزے کا اجرا بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سرکاری حج اسکیم کی تیاریاں آخری مراحل میں، ای ویزے کا اجرا شروع
روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں صرف عازمین حج جائیں گے، سعودی عرب ملازمت یا وزٹ ویزے والوں کو یہ سہولت میسر نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کا افتتاح 4 جولائی کو اسلام آباد ایئر پورٹ پر کریں گے، یہ منصوبہ پرنس سلمان نے شروع کیا تھا، عازمین حج اپنی امیگریشن اسلام آباد ایئر پورٹ پر کر کے جدہ اور مدینہ ایئر پورٹ پر امیگریشن کے طویل انتظار سے بچ سکیں گے۔