گواڈا لہارا : میکسیکو میں قدرت کا کرشمہ دیکھنے میں اٰیا ، جون جولائی کی گرمی میں شدید برف باری ہوئی ، اچانک درجہ حرارت میں تبدیلی کے باعث متعدد افراد بیمار، 200 گھروں اور 50 گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
تفصیلات کے مطابق براعظم امریکا کے ملک میکسیکو میں موسم گرما میں شدید برف باری نے لوگوں اور ماہرین موسمیات کو حیران کردیا، میکسیکو کے شہرگواڈا لہارا میں اتنی زیادہ برف باری ہوئی کہ سڑکیں بند ہوگئیں، مواصلاتی نظام درہم برہم اور گاڑیوں اور گھروں کو نقصان پہنچا۔
شدید برف باری کے بعد شہری دفاع کا عملہ سڑکوں سے برف ہٹانےمیں مصروف ہے تاکہ ٹریفک بحال کی جا سکے۔
شہری دفاع کے حکام کا کہنا تھا کہ اچانک درجہ حرارت میں تبدیلی کے باعث متعدد افراد بیمار ہوگئے، گواڈا لہارا اور تلاکیباکیہ بلدیہ کا کہنا تھا کہ حالیہ ایام میں پڑنے والے برف سے 200 گھروں اور 50 گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
میڈیارپورٹس کے مطابق ہالیکو ریاست کے گورنر انریکہ الوارو نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ میں نے اس موسم میں برف باری پہلی بار دیکھی ہے، سچ یہ ہے کہ آج برف باری دیکھ کر یقین نہیں کیا جا سکتا، ایسے مناظر اس سے قبل کبھی نہیں دیکھے گئے، دیکھنے والا ہرشخص حیران ہے آج موسم کو کیا ہوگیا ہے۔
گرمی کےموسم میں?برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔
خیال رہے کہ شمالی میکسیکو کے علاقوں کو حالیہ ایام میں نسبتا زیادہ گرم قرار دیا گیا تھا، جہاں درجہ حرارت 31 درجے سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا گیا، سردیوں کے موسم میں میکسیکو میں برف باری معمول کی بات ہے مگر گرمی کےموسم میں جتنی برف باری پڑی ہے وہ حیران کن ہے۔