جکارتہ: مشرقی انڈونیشیا میں شدید زلزلے کے جھٹکوں سے عمارتیں لزر اٹھیں، شہریوں میں شدید خوف وہراس ہے۔
تفصیلات کے مطابق ’مالوکو‘ نامی جزیرے پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے بعد علاقے میں سونامی کی وارننگ جاری کی گئی، تاہم حالات کا جائزہ لینے کے بعد محکمہ موسمیات نے سونامی کی وارننگ واپس لے لی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق زلزلہ کوہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کی شدت 6.9 ریکارڈ کی گئی جبکہ مرکز انڈونیشیا کا شہر مناڈو تھا۔
ان زلزلوں کے جھٹکوں نے علاقے میں افرا تفری مچادی، شہری محفوظ مقامات ڈھونڈتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے جبکہ کئی افراد کھلے میدان میں جمع ہوگئے۔
اس سے قبل رواں سال 12 اپریل 2019 میں امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ سلویسی آئی لینڈ کے مشرقی ساحل کے قریب آیا تھا جس کی گہرائی 17 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی تھی، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس اگست میں انڈونیشیا کے سیاحتی جزیرے لومبوک میں زلزلے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 347 ہوگئی تھی جبکہ زلزلے کے نتیجے میں متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا اور سینکڑوں افراد بھی ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ انڈونیشیا بحرالکاہل کے ایک ایسے حصے میں واقعہ ہے جہاں زلزلے آنے اور آتش فشاں پہاڑ پھٹنے کے واقعات عموماً رونما ہوتے رہتے ہیں اور دنیا بھر تقریباً آدھے آتش فشاں اسی حصّے میں پائے جاتے ہیں۔