کراچی: سندھ حکومت نےصوبے میں اشیائےخوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ کرنےوالوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا، کارروائی سے بے لگام مہنگائی پر کنٹرول ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر برائے زراعت اور پرائز کنٹرول اسماعیل راہو نے حکم دیا ہے کہ کمشنرز اور پرائز مجسٹریٹ منافع خوروں کے خلاف فی الفور کارروائی کا آغاز کریں۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ سندھ حکومت نان بائی سے لے کر دودھ فروخت کرنے والے تک کسی کو بھی قیمت میں اضافہ نہیں کرنے دے گی۔کمشنرز اور پرائسز مجسٹریٹ روزانہ کے بنیاد پر منافع خوروں کےخلاف کارروائی کرکے رپورٹ دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہےلیکن سندھ حکومت اشیائے خوردنوش کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہونے دے گی۔سندھ بھر کے پرائسز مجسٹریٹ بازاروں،دوکانوں, اور ٹھیلوں پر بکنے والی اشیا کے ریٹ چیک کریں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس وقت ملک بھر میں تاجر، ٹرانسپورٹرز اور ڈیری فارمرز سے لے کر نان بائی تک اور عوام بھی مہنگائی کے خلاف سراپا احتجاج ہیں اورسڑکوں پر نکل آئے ہیں۔سندھ میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ کرنےوالوں کے خلاف سخت قانون بنائیں گے، مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کرنے والے عناصر کو قانون کے شکنجے میں لائیں گے۔