منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

زلزلہ فنڈ میں کرپشن: ڈی آئی ایف ڈی نے میری باتوں کی تردید نہیں کی، برطانوی صحافی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: برطانوی صحافی ڈیوڈ روز نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانوی اخبار ڈیلی میل میں شایع شدہ ان کی خبر سے متعلق مریم اورنگزیب کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے۔

تفصیلات کے مطابق شہباز شریف سے متعلق ڈیلی میل کی ایک خبر میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ انھوں نے زلزلہ متاثرین کے لیے ملنے والی امداد میں لاکھوں پاؤنڈز کی خورد برد کی۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے ڈیلی میل کی خبر کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یو کے ایڈ نے ڈیلی میل کے الزامات مسترد کر دیے ہیں، ڈیلی میل کی اسٹوری معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے پلانٹ کرائی۔

اے آر وائی نیوز نے اس سلسلے میں صحافی ڈیوڈ روز سے رابطہ کر کے بات چیت کی، ڈیوڈ روز نے کہا کہ خبر سے متعلق تمام ثبوت موجود ہیں، ڈی آئی ایف ڈی نے میری باتوں کی تردید نہیں کی، انھوں نے وہی باتیں دہرائیں جو بہ طور ثبوت میں نے پیش کیں۔

ڈیوڈ روز نے کہا کہ ان کی جو تصویر پیش کی گئی ہے وہ گزشتہ سال الیکشن سے قبل عمران خان سے انٹرویو کی ہے، اس سے متعلق مسلم لیگ ن کا دعویٰ جھوٹا ہے، مریم اورنگ زیب کو متعدد کالز اور میسیجز کیے لیکن انھوں نے جواب سے گریز کیا۔

صحافی کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے کی خبر پر بھی ن لیگ نے دعوے کے باوجود کوئی کیس نہیں کیا، نواز شریف پراپرٹی کی خبر پر لیگل نوٹس دور کی بات ای میل تک نہ کی گئی۔

ڈیوڈ روز کا ٹویٹ

دریں اثنا، ڈیلی میل میں شہباز شریف سے متعلق خبر دینے والے صحافی نے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے کہا کہ ڈی ایف آئی ڈی کی تردید ویسی نہیں جیسی پیش کی جا رہی ہے، یہ صرف خبر میں موجود اس بیان کا دہرانا ہے، ان کا بیان ہے کہ زلزلہ فنڈ سے متعلق کوئی ثبوت نہیں ہے، ان سے کہتا ہوں خبر پڑھیں اس میں ثبوت ہے، یہ خبر ضایع شدہ پیسے کی نشان دہی کرتی ہے۔

ڈیوڈ روز نے ٹویٹ میں لکھا کہ ن لیگ پاکستان میں میری عمران خان کے ساتھ تصویر دکھا رہی ہے، تصویر کے ساتھ کہا جا رہا ہے کہ شہباز شریف پر میرا آرٹیکل پلانٹڈ ہے، لیکن یہ تصویر گزشتہ سال کی ہے جب الیکشن سے قبل عمران خان کا انٹرویو کیا تھا۔

برطانوی صحافی نے اس تصویر سے متعلق ثبوت پر لنک بھی شیئر کیا۔

مریم اورنگ زیب

مسلم لیگ ن نے برطانوی اخبار کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، مریم اورنگ زیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور شہزاد اکبر کے خلاف بھی قانونی چارہ جوئی کی جائے گی، بے بنیاد خبر سے ساکھ کو نقصان پہنچایا گیا۔

ترجمان ن لیگ کا کہنا تھا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ذریعے مستحق بچوں کو بذریعہ واؤچر امداد دی گئی، 20 سے 25 لاکھ بچے آج ان واؤچرز سے مستفید ہو رہے ہیں، یہ اسکیم شمالی اور جنوبی پنجاب کے لیے تھی، اس میں 50 فی صد پیسے پنجاب حکومت اور باقی ڈیفیڈ نے ڈالے، نکالیں اگر کوئی کرپشن ہے تو ڈیلی میل میں اسٹوری کیوں پلانٹ کراتے ہیں۔

مریم اورنگ زیب نے کہا کہ ڈیلی میل نے کوئی ثبوت نہیں دیا بس کہہ دیا شہزاد اکبر کے مطابق، ڈیلی میل کی جھوٹی اسٹوریوں پر عوام کی رائے نہیں بدلی جا سکتی، ملکوں کو متنازع نہ بنائیں ان ملکوں کو جو مشکل میں ساتھ ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈیلی میل کی جھوٹی خبر پر میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے، میڈیا ٹرائل کے لیے ایک جھوٹے اخبار کا سہارا لیا گیا، یو کے ایڈ نے خود تسلیم کیا ٹاسک مکمل ہونے پر پیسے جاری ہوتے تھے، جب اسکول مکمل ہو گئے تو فنڈ جاری کیے گئے۔

معاون خصوصی افتخار درانی

وزیر اعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی نے مریم اورنگ زیب کے بیان پر ردِ عمل میں کہا کہ 11 مئی 2018 کو عمران خان نے ڈیوڈ روز سے ملاقات کی تھی، یہ تصاویر پی ٹی آئی نے خود شایع کی ہیں، تحریک انصاف چھپ کر خفیہ ملاقاتوں کی عادی نہیں۔

افتخار درانی کا کہنا تھا کہ ہم ہر کام دن کی روشنی اور عوام کے سامنے کرتے ہیں، تھوڑا ہوم ورک کر لیا ہوتا تو آپ کو شرمندگی کا سامنا نہ ہوتا۔

ڈی ایف آئی ڈی

ڈیپارٹمنٹ فار انٹرنیشنل ڈیویلپمنٹ (ڈی ایف آئی ڈی) نے زلزلہ زدگان کی امداد میں کرپشن ہوئی یا نہیں پر اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے زلزلہ زدگان کی امداد کے سلسلے میں رقم دی تھی اور اپنے نظام پر ہمیں بھروسہ ہے کہ ٹیکس دہندگان کا پیسا صحیح استعمال ہوا۔

ڈی ایف آئی ڈی کے مطابق برطانیہ نے قدرتی آفات سے متاثرہ 80 لاکھ افراد کے لیے امداد دی تھی۔ تاہم ڈی ایف آئی ڈی کی وضاحت میں کہیں نہیں لکھا شہباز شریف نے رقم کہاں اور کیسے خرچ کی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں